• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم علی اور یوم القدس پر فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت، یوم علی اور یوم القدس کے جلوسوں اور اجتماعات کے لئے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، خصوصی ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت ،تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعلیٰ سندھ نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یومِ علیؑ، یومِ قدس اور جمعۃ الوداع کے انتظامات کا جائزہ لیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں تمام جلوسوں اور اجتماعات کے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور ریاض شاہ شیرازی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ذوالفقار لاڑک اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں 13 مارچ کو یومِ القدس اور جمعۃ الوداع جبکہ 21 رمضان المبارک (11 مارچ) کو یومِ علیؑ کے سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ آئندہ تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے صوبے بھر میں جامع سیکیورٹی، لاجسٹکس اور مواصلاتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مختلف رینجز میں مجموعی طور پر 22 ہزار 304 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید