کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں 16تا 31 مارچ تعلیمی ادارے بند رہیں گے، سرکاری محکموں میں ساٹھ فیصد گاڑیاں دو ماہ کے لئے بند رکھی جائیں گی۔صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں آج اہم فیصلے کئے گئے، کابینہ نے سندھ ایگریکلچر ویمن ورکرز رولز کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت خواتین زرعی محنت کشوں کو مساوی اجرت اور زچگی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پہلی بار طلبہ کی حاضری کی مانیٹرنگ کے لئے موبائل ایپ اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی منظوری دی گئی ہے جس کے ذریعے طلبہ کی حاضری اور داخلے کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور ڈراپ آؤٹ کیسز کی شرح کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ نظام ایک سال کے اندر سندھ کے تمام اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا اور اسے محکمہ تعلیم سندھ کا ایک بڑا انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔