کراچی( افضل ندیم ڈوگر) ایران امریکااور اسرائیل کے مابین جنگ اور حملوں کے باعث 10 ملکوں کی فضائی حدود 11 دن سے مسلسل بند یا شدید متاثر ہے۔ جس کی وجہ سے اس دورانیہ میں 40 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جن میں پاکستان کی 1600 پروازیں شامل ہیں۔ منگل کو پاکستان کے مختلف ایئرپورٹ سے مشرق وسطی خصوصا خلیجی ممالک کیلئے 64 پروازیں اپریٹ کی گئیں جبکہ انہیں شہروں کی 86 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ بحرین ایئرپورٹ سے 28 فروری کے بعد منگل کو پہلی بار نصف شب کو لگ بھگ 12 پروازوں نے ایک ساتھ اڑان بھری جو کانوائے کی شکل میں سعودی عرب کی فضائی حدود میں جاتے دیکھی گئیں تاہم طیاروں کی حتمی منزل ظاہر نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ان میں دو کارگو پروازیں بھی شامل ہیں۔ قطر کے دوحہ سے تیسرے دن بھی خصوصی پروازوں کا اپریشن جاری رہا۔ منگل کو لگ بھگ 16پروازیں روانہ کی گئیں جبکہ 12 پروازیں مختلف ممالک سے دوحہ پہنچیں۔