کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کیخلاف جنگ کے پہلے 6دن امریکا نے 11ارب ڈالر (30کھرب، 74ارب پاکستانی روپے)پھونک ڈالے۔ مہنگے میزائل اور بم استعمال، اس میں جنگ سے پہلے فوجی نفری اور سازوسامان تعیناتی کے اخراجات شامل نہیں، مجموعی لاگت مزید بڑھنے کا امکان، بعض فضائی بموں کی قیمت 8 لاکھ ڈالر سے زائد، سینیٹ کو بند کمرہ بریفنگ دی گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ذرائع کے مطابق ایران کے خلاف جاری جنگ کے پہلے چھ دنوں کے دوران امریکا کم از کم 11 ارب 30 کروڑ ڈالر خرچ کرچکا ہے۔ امریکی حکام نے سینیٹ کو بند کمرہ بریفنگ میں بتایا کہ اس تخمینے میں جنگ سے پہلے فوجی نفری اور سازوسامان کی تعیناتی کے اخراجات شامل نہیں، اس لیے مجموعی لاگت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ ابتدائی دو دنوں میں ہی امریکا نے تقریباً 5 ارب 60 کروڑ ڈالر مالیت کا اسلحہ استعمال کیا جس میں فضائی بم، ٹام ہاک کروز میزائل اور دفاعی نظام کے جدید میزائل شامل تھے، جبکہ بعض فضائی بموں کی قیمت پانچ لاکھ 78 ہزار سے آٹھ لاکھ 36 ہزار ڈالر تک بتائی گئی ہے۔