اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے شفا ہسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے حکم دیدیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بانی پی ٹی آئی کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔عدالت نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ اور سفارشات کی روشنی میں چیف کمشنر فیصلہ کریں کہ جیل سے باہر کسی ہسپتال میں منتقلی کی ضرورت ہے یا نہیں؟ جیل رولز کے تحت سزا یافتہ قیدی کو خصوصی علاج کیلئے جیل سے باہر منتقل کرنا حکومت کا اختیار ہے، عدالت مداخلت نہیں کر سکتی۔ عدالت نے ذاتی معالجین کو میڈیکل بورڈ میں شامل کرنے کی استدعا منظور نہیں کی بلکہ پمز اور الشفا آئی ٹرسٹ کے ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ۔ عدالت نے قرار دیا کہ جیل رولز کے مطابق فیملی کو آگاہ کیا جائے اور لارجر بنچ کے فیصلے کے مطابق وکلا اور فیملی سے ملاقات کرائی جائے۔