• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس آر بی ٹیکس نیٹ مزید وسیع کرے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس آر بی کو ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کرنے، ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کو تیز اور ڈیجیٹل اصلاحات کو مزید آگے بڑھانے کی ہدایت کر دی ،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی)کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا ۔ جائزے میں بتایا گیا کہ ایس آر بی نے ریونیو میں نمایاں اضافہ حاصل کیا ہے جس میں بقایاجات کی ریکارڈ وصولی بھی شامل ہے، جس کے باعث یہ ادارہ سندھ کی مالی استحکام کا ایک اہم ستون بن کر سامنے آیا ہے۔انہوں نے ایس آر بی کو ہدایت دی کہ ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کیا جائے، ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کو تیز کیا جائے اور ڈیجیٹل اصلاحات کو مزید آگے بڑھایا جائے تاکہ ریونیو وصولیوں میں حالیہ پیش رفت کو مستحکم کیا جا سکے اور شفافیت میں اضافہ ہو۔ایس آر بی کے چیئرمین نے بتایا کہ فروری 2026میں ادارے نے ریونیو میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جس کی بڑی وجہ طویل اور مسلسل کوششوں کے بعد بقایاجات کی مد میں 9.5 ارب روپے کی غیر معمولی وصولی تھی۔ فروری 2026 میں مجموعی وصولی 34.86 ارب روپے رہی جو فروری 2025 میں جمع ہونے والے 24.664ارب روپے کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہے۔ جولائی سے فروری کے دوران مجموعی وصولی 225.653 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال اسی مدت میں جمع ہونے والے 182.605 ارب روپے کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔وزیر اعلی ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف عباس، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ واصف میمن، منیجنگ ڈائریکٹر تھر کول انرجی بورڈ طارق علی شاہ، اسپیشل سیکریٹری خزانہ اصغر میمن، ماہر معاشیات اسد سعید، ایس آر بی کے کنسلٹنٹ مشتاق کاظمی اور محکمہ خزانہ و ایس آر بی کے دیگر حکام نے شرکت کی۔چیئرمین ایس آر بی واصف میمن نے وزیر اعلی کو بتایا کہ مالی سال 2024-25 میں ایس آر بی نے 306.6 ارب روپے کی تاریخی وصولیاں کیں، جن میں سندھ سیلز ٹیکس آن سروسز (ایس ایس ٹی)کی مد میں 284.4 ارب روپے شامل ہیں۔ یہ رقم گزشتہ سال جمع ہونے والے 237 ارب روپے کے مقابلے میں 29.5 فیصد زیادہ ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جون 2025 میں ایس آر بی کی تاریخ کی سب سے زیادہ ماہانہ وصولی ریکارڈ کی گئی جو 40.5 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔ یہ ادارے کے قیام کے 15 سال بعد کسی بھی مہینے میں سب سے زیادہ وصولی تھی۔چیئرمین نے بتایا کہ فروری 2026 میں 9.5 ارب روپے کے بقایاجات کی غیر معمولی وصولی کے باعث ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا۔
اہم خبریں سے مزید