کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی راشد علی اجن نے بیوی کو چھریوں کے وار سے زخمی کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام سے ملزم عدیل احمد انصاری کی درخواست بریت منظور کرتے ہوئے باعزت بری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم عدیل احمد انصاری کے خلاف خلاف تھانہ شاہراہ فیصل میں خاتون کو دھمکیاں دینے ، زخمی کرنے اور ڈومیسٹک وائلنس کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا ، ملزم کے وکیل نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 249 کے تحت بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے دلائل میں کہا کہ ملزم کے خلاف ایک ماہ بعد مقدمہ درج ہوا ہے ، ملزم نے صرف چھری دکھائی تھی ،چھری سے مارا ہرگز نہیں لہذا ملزم کو بری کیا جائے۔ دوسری جانب مدعی مقدمہ کے وکیل لیاقت علی خان نے اپنے دلائل میں کہا ہے کہ مقدمہ بالکل درست اور گذشتہ سماعت پر مدعیہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے یعنی مقدمہ التواء کا شکار بھی نہیں ہے اور میڈیکل رپورٹ سے بھی ثابت ہوچکا ہے کہ مدعی کو چھریوں کے وار سے زخمی کیا گیا ہے۔ لہذا درخواست قابل سماعت نہیں اس لئے مسترد کیا جائے۔