اسلام آباد، کوہاٹ، پشاور (نیوز رپورٹر،نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد کے علاقے میں منڈلانے والے دو ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے جمعہ کو مار گرایا اور حملہ ناکام بنا دیا،سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کچھ دیر کیلئے متاثر ہواجسے فوری بحال کر دیا گیا، سیکورٹی ذرائع نے دونوں مشکوک ڈرون افغانستان آنے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مار گرایا گیاہے، جبکہ افغان طالبان کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز نے جمعہ کی شام فیض آباد کے نزدیک واقع اہم فوجی تنصیب ’حمزہ (کیمپ)‘ کو نشانہ بنایا ہے اور وہاں موجود کمانڈ سینٹر اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جس میں کافی نقصان ہوا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے اپنے جدید الیکٹرانک دفاعی آلات سے تباہ کر دیا،حملوں کی اس ناکام کوشش میں کسی بھی عسکری تنصیب کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، ڈرونز کی تباہی کے بعد ڈرونز کا ملبہ گرنے کو افغان و بھارتی پراپیگنڈا سیل بڑھا چڑھا کر پیش کرنے لگے۔ علاوہ ازیں پولیس اور سیکورٹی ذرائع کے مطابق کوہاٹ شہر کے حساس اور شہری علاقوں میں افغان اور انڈین پراکسی کی جانب سے ڈرون حملے ناکام بنا دئیے گئے، حملوں میں تین افراد زخمی ہوئےجبکہ ڈرونز کو بھی مار گرا دئیے گئے، چوتھا حملہ اور دھماکہ بھر دوبارا کوہاٹ قلعہ پر ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ڈرون حملے ہوتے ہی شہر میں ایمرجنسی سائرن بجتے رہے، سکیورٹی مزیدسخت کر دی گئی، علاوہ ازیںلکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید ہوگئے، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف اوروفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہارکیا۔ علاوہ ازیں باجوڑ سے اغواء ہونے والے پولیس اہلکار شاہ منیر کی لاش مل گئی ہے، دوسری جانب آپریشن غضب للحق کے دوران پاک فضائیہ نے کابل، پکتیا اور قندھار میں حملہ کرکے طالبان رجیم کے تربیتی کیمپ ، قندھار ایئرفیلڈ کی آئل اسٹوریج سائٹ اور ملحقہ لاجسٹک انفرااسٹرکچر تباہ کر دیئے گئے، آپریشن کے دوران اب تک آپریشن کے دوران663دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد کے علاقے میں منڈلانے والے دو یو اے وی کو فضائی دفاع نے جمعے کو مار گرایا ہے۔ سینئر حکام نے تصدیق کی ہے کہ شام سات بج کر 15 منٹ کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں حمزہ کیمپ کے کے اوپر دو ڈرون منڈلا رہے تھے جنہیں ملک کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے غیر ملکی میڈیا کیلئے ترجمان مشرف زیدی نے کہا کہ چند ابتدائی نوعیت کے ڈرونز کو روکے جانے کے بعد اسلام آباد کی فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہے۔سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بھی کہا گیا کہ ’اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنل وجوہات کی بنا پر آج کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز میں معمولی آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی، تاہم تمام پروازیں اب معمول کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں۔ ادھر کوہاٹ شہر کے حساس اور شہری علاقوں میں افغان اور انڈین پراکسی کی جانب سے ڈرون حملے ناکام بنا دئیے گئے۔ حملوں میں تین افراد زخمی ہوئےجبکہ ڈرونز کو بھی مار گرا دئیے گئے۔ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی اور سیکورٹی ذرائع کے مطابق شہر کے تین حساس مقامات پر کوہاٹ قلعہ 9 ڈویژن اور کوہاٹ کینٹ کے اندر ڈرونز سے حملے افواج پاکستان نے ناکام بنا کر ڈرونز مار گرا دیئے گئے ۔ حملوں میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ کوہاٹ منتقل کیا گیا۔