اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب غیر ملکی شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے اور حکومتی سیکیورٹیز کے علاوہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری کی اجازت دی جائے گی جس پرانہیں پرکشش منافع دیا جائے گا۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ساڑھے پانچ سال قبل شروع ہونے والا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام اہم سنگِ میل حاصل کر چکا ، فروری 2026 کے اختتام تک 9 لاکھ سے زائد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے جا چکے جبکہ ان اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر سے زائد کی رقم آ چکی،انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف ملک کی معاشی طاقت کا اہم ذریعہ ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت، کاروباری صلاحیت اور اقدار کے سفیر بھی ہیں،قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال 2025 میں ترسیلاتِ زر نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کیا اور یہ رقم 38.3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 26.6 فیصد اضافہ ہے۔