اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار)قاسم اور سلیمان کی نامکمل ویزا درخواستیں،بعض معلومات اخفا۔ان کے رویئے سے اندازہ ہورہا ہے وہ پاکستان کا سفر اختیار ہی نہیں کرنا چاہتے،سفارتی ذرائع۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں مختلف جرائم کی پاداش میں سزا کاٹ رہے تحریک انصاف کے با نی کے دو بیٹوں قاسم اور سلمان نے پاکستان آنے کے لئے ویزے کی نامکمل درخواستیں دائر کر رکھی ہیں اور بعض معلومات کو اخفا میں ر کھا گیا ہے جس کی بنا پر انہیں ویزا جاری نہیں کیا جاسکتا۔متعلقہ سفارتی ذرائع نے پیر کی شب جنگ /دی نیوز کو لندن نے بتایا ہے کہ درخواست دہندگان کو ویزے کے جلد اجراء کا کوئی امکان نہیں ہے ان کے رویئے سے اندازہ ہورہا ہے کہ وہ پاکستان کا سفر اختیار ہی نہیں کرنا چاہتے۔ ان کی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پیر کواپنے ٹویٹ پیغام میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے جو درخواست کی ہے اس میں کوئی غور طلب نکتہ نہیں ہے اس ٹویٹ کا مقصد محض تشہیر حاصل کرنا ہے۔ ذرائع نے یاد دلایا کہ دونوں درخواست دہندگان کو کئی روز قبل ان خامیوں سے آگاہ کیا جاچکا ہے جوان کی ویزا درخواست میں موجود ہیں۔ ذرائع نے یاد دلایا ہے کہ ہر مہینے یا پندرہ دن بعد تشہیری مہم چلائی جاتی ہے جس میں کسی نہ کسی معاملے کواچھالا جاتا ہے اس میں ایک ساتھ راگ الاپنے کے انداز میں ایک افغان، امریکی اور کئی دوسرے افراد ٹویٹر پر شور مچانا شروع کر دیتے ہیں یہ افغان نژاد امریکی پاکستان کے خلاف طویل عرصے سے ہرزہ سرائی میں مصروف ہے اور ان دنوں ’’بے روزگار‘‘ ہے۔ ایک استفسار کے جواب میں ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ٹیریان خان نے پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے کے لئے کوئی درخواست دائر نہیں کی اور نہ ہی جمائما گولڈ اسمتھ کی طرف سے ویزے کی درخواست ملی ہے۔