کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اراکینِ قومی اسمبلی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ہیڈ کوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے وفاقی فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کراچی کے معاشی قتل اور شہرِ قائد کی اہمیت کم کرنے کی مذموم سازش قرار دیا ہے۔ متحدہ کے مرکز بہادر آباد سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں حق پرست اراکین پارلیمان نے کہا کہ کراچی، پاکستان کا معاشی گیٹ وے اور ایوی ایشن کا مرکز ہے، لیکن ایک مخصوص متعصبانہ ذہنیت کے تحت اہم قومی ادارے یہاں سے منتقل کر کے وفاقی بیوروکریسی کراچی کے عوام اور یہاں کے محنت کشوں کے حقوق پر شب خون مار رہی ہے جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔