کراچی (اسٹاف رپورٹر)گھر والوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہونے کیلئے آبائی گاؤں جانیوالا شہری سپر ہائی وے پر مبینہ طور پرڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا،تفصیلات کے مطابق سچل تھانہ کی حدود سپرپائیوے جمالی پل کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 60سالہ رحیم بخش ولد فقیر بخش کے نام سے کی گئی عباسی شہید اسپتال میں موجود مقتول رحیم بخش کے بیٹے نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق سکھر سے ہے مقتول والد پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور تھےوالد اور میں عید منانے کے لئے سکھر روانہ ہورہے تھے میں،والد چشمہ خریدنے کی غرض سے جمالی پل کے قریب رکے تھے کہ دو ملزم آگئے موٹرسائیکل پرآنے والوں نے ایک گولی ماری جو والد کو سینے میں لگی فائرنگ کرنے والے موقع سے فرار ہوگئے، مقتول کے بیٹے نے بتایاکہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ہم کراچی میں ڈرائیونگ کی نوکری کرتے ہیں سچل پولیس واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قراردینے کی کوشش کرتی رہی اور مقتول کے بیٹے کا موبائل فون بھی ضبط کرلیا۔ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا یا ذاتی دشمنی کا شاخشانہ ہے تحقیقات کی جا رہی ہے۔