لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عیدالفطر ادا کی۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال ودیگر سینئر افسران، ریٹائرڈ و حاضر سروس اہلکاروں نے شرکت کی۔نماز کے بعد ملکی تعمیر و ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ آئی جی نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔آئی جی عبدالکریم نے عیدالفطر کے بعد قربان لائنز میں ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کی والدہ و اہلخانہ سے ملاقات کی بعد ازاں داروغہ والا میں ارفع کریم ٹاور خودکش حملے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل بھائیوں غلام مرتضیٰ اور علی رضا کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔