ملتان‘ لودھراں‘ وہاڑی‘ ماچھیوال‘ کبیر والا (سٹاف رپورٹر‘ نمائندگان جنگ‘ نامہ نگاران) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، نماز عید کے سیکڑوں چھوٹے بڑے اجتماعات، امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں، سکیورٹی کے سخت انتظامات، تفصیلات کے مطابق ملتان میں نماز عید کے بڑے اجتماعات درگاہ حضرت بہاءالدین زکریا، درگاہ حضرت شاہ رکن عالم، درگاہ حضرت موسیٰ پاک شہید، شاہی عیدگاہ خانیوال روڈ، ابدالی مسجد ابدالی روڈ، جامع مسجد خیرالمدارس، عیدگاہ کینٹ اور دیگر مقامات پر منعقد کیے گئے،وہاڑی میں بھی عیدالفطر کے موقع پر جہاں ایک جانب خوشیوں اور مسرتوں کا سماں رہا وہیں شہریوں نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد بڑی تعداد میں شہرِ خموشاں کا بھی رخ کیا،لودھراں میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی گئی،ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام سکیورٹی، صفائی و ستھرائی سمیت دیگر انتظامات کئے گئے،لودھراں میں بھی 137 مساجد 23 امام بارگاہوں اور 6کھلے مقامات پر عید الفطر مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی گئی اور اس دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے،ماچھیوال میں بھی مختلف مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ عیدالفطر کے موقع پر کبیروالا شہر اور گرد و نواح میں نمازِ عید انتہائی مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ ادا کی گئی۔ تحصیل بھر کی تمام بڑی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں، جن میں دارالعلوم عیدگاہ، جامعہ سراج العلوم، جامعہ غوثیہ مہریہ نوریہ نزد چونگی مخدوم پور، مرکزی امام بارگاہ حسینیہ سادات، امام بارگاہ ایریاں، جامعہ فیضان مدینہ نزد سٹی گیٹ، جامع مسجد دربار پیر کبیرؒ اور گراؤنڈ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول شامل ہیں، میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی‘ نمازِ عید کے بعد علماء کرام نے اپنے خطبات میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور امن و سلامتی پر زور دیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر کبیر والا رانا عامر لیاقت نے نماز عید میونسپل کمیٹی کبیروالا کی مسجد میں ادا کی اور شہریوں سے گلے مل کر محبت، اخوت اور بھائی چارے کا اظہار کیا، بعد ازاں انہوں نے مرکزی قدیمی قبرستان کبیروالا میں مدفون ڈاکٹر بیدل حیدری کے مرقد پر حاضری دی، اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیروالا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کیساتھ عید کی خوشیاں منائیں، مٹھائیاں تقسیم کیں اور تحائف پیش کیے۔