• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحرین میں ہلاکتیں اور تباہی امریکی پیٹریاٹ میزائل سے ہوئیں

منامہ /واشنگٹن (نیوزڈیسک )سیٹلائٹ تصاویر اور ویڈیوتجزیے کے بعد ماہرین نے انکشاف کیاہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے دسویں روز بحرین میں ہونے والے دھماکے میں، جس میں متعددشہری ہلاک اور گھر تباہ ہوئے تھے، غالباً امریکا کے زیرانتظام فضائی دفاعی بیٹری سے فائر کیا گیاتھا۔بحرین اور واشنگٹن دونوں نے 9 مارچ کو ہونے والے اس دھماکے کا ذمہ دار ایرانی ڈرون حملے کو ٹھہرایا تھا، جس کے بارے میں خلیجی ریاست کا کہنا تھا کہ اس میں بچوں سمیت 32 افراد زخمی ہوئے تھےتاہم بحرین نے گزشتہ روزپہلی بار اعتراف کیا کہ منامہ کے قریب جزیرہ سترا پر واقع محازہ میں ہونیوالا دھماکا پیٹریاٹ میزائل کی وجہ سے ہوا۔ بحرینی حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ میزائل نے فضا میں ہی ایک ایرانی ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا تھا جس سے کئی جانیں بچ گئیں۔ترجمان نے مزید کہاکہ جو نقصان اور زخم آئے وہ پیٹریاٹ میزائل یا ایرانی ڈرون کے زمین سے براہِ راست ٹکرانے کا نتیجہ نہیں تھے۔مڈلبری انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے محققین سیم لیر، مائیکل ڈوئٹس مین اور پروفیسر جیفری لیوس نے سیٹلائٹ تصاویر اور ویڈیوز کے تجزیے کے بعدیہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ یہ میزائل محازہ سے تقریباً 7 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ایک امریکی پیٹریاٹ بیٹری سے فائر کیا گیا تھا۔سستے ڈرونز کے خلاف انتہائی مہنگے اور جدید ہتھیاروں کا استعمال اس جنگ کی ایک نمایاں خصوصیت رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید