پیرس ( رضا چوہدری/نمائندہ جنگ ) فرانس میں حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران پاکستانی نژاد امیدواروں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ایک میئر اور آٹھ کونسلرز کی نشستیں اپنے نام کر لیں۔ مختلف میونسپلٹیوں میں کل سولہ پاکستانی امیدوار مختلف سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارمز سے انتخابی میدان میں اترے تھے۔ فرانس کے شہر کرائی میں پاکستانی نژاد عمر یعقوب میئر منتخب ہو گئے، جبکہ ان کے ساتھ تین کونسلرز کی کامیابی بھی پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔ کرائی کو “منی پاکستان” بھی کہا جاتا ہے، جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہے۔ اسی طرح سارسل کی اہم میئری میں کامیاب پینل کی جیت راجہ دھاور زمان کیانی آف ڈومیلی کی مسلسل کوششوں اور محنت کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔ اس میئری پر طویل عرصے سے ایک مخصوص طبقے کا اثر و رسوخ رہا تھا۔ دیگر کامیاب امیدواروں میں وریلیرلیبل میں چوہدری احمد خان جلیانی، درانسی میں نعیم محمد چوہدری، اور لاکونیو میں ہارون خان شامل ہیں، جو تیسری بار کونسلر منتخب ہوئے ہیں۔ ارنوویل میں اسعد بھی بطور کونسلر کامیاب ہوئے۔ ان نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ فرانس میں پاکستانی نژاد افراد کی سیاست میں نمائندگی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور وہ مقامی سطح پر اپنا مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ عمر یعقوب کی یہ تاریخی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں اپنی محنت، قابلیت اور دیانت کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔ ہم انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ انصاف، خدمت اور ترقی کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے۔ یہ کامیابی نہ صرف فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے اعزاز ہے بلکہ پوری پاکستانی قوم اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال بھی ہے۔