کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ گیارہ کا میلہ سجنے کے قریب ہے ۔ پلیئرز اور تماشائیوں کی دھڑکنیں تیز ہونے لگی ہیں، کھلاڑیوں نے اپنی اپنی ٹیموں کو لاہور میں جوائن کر لیا ہے۔ جبکہ ساتھ ہی ٹیموں میں نے پریکٹس سیشن کے ذریعے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ بدھ کو8 کپتان مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔ ایل سی سی اے گرائونڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اورملتان سلطانز نے پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔ ادھر پاکستان سپر لیگ گیارہ کی ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کردی گئی ، تقریب میں پی ایس ایل 11 کا آفیشل ترانہ بھی لانچ کردیا گیا۔ ترانے میں عاطف اسلم، آئمہ بیگ، دانیہ کنول اور صابری سسٹرز نے آواز کا جادو جگایا ہے۔ ترانے کا تھیم ’’بیٹ پہ کھیلیں گے‘‘ رکھا گیا ہے۔ دریں اثنا چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ کیلئے جمع ہونے والے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔ پی ایس ایل الیون کا آغاز جمعرات سے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، لاہور اور کراچی22-22 میچوں کی میزبانی کریں گے۔ خطے کی صورتحال کے باعث قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل ایک ٹاپ انٹرنیشنل برانڈ بن چکا ہے اور ہم نے اسے مزید آگے لے کر جانا ہے ۔ شائقین کرکٹ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت کرتا ہوں۔ آپ کو ملک و قوم کا وسیع تر مفاد سب سے پہلے دیکھنا ہوتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی کل کی آسانی بن کر سامنے آئے گی۔ لاہور میں ہونے والی تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب ، عطا اللہ تارڑ، سالک حسین، علی پرویز ملک اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز ، فرنچائزڈ اونرز ، پی ایس ایل کی ٹیموں کے کپتان ، ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم مائیک ہیسن ، پاکستان کی قومی ٹیم کے کھلاڑی ، پی ایس ایل کے انٹرنیشنل کھلاڑی سکندر رضا، روی بوپارہ، تبریز شمسی، ٹم پین ، اسٹیواسمتھ ، برینڈن ولسن اور پیٹر سڈل نمایاں تھے۔