لندن (جنگ نیوز) کرکٹ آئرلینڈ نے افغانستان کے خلاف رواں برس اگست میں شیڈول ون ڈے سیریز سے متعلق اعلان کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو اختیار دیا ہے کہ وہ چاہیں تو اخلاقی بنیادوں پر اس سیریز کا حصہ نہ بنیں۔ کرکٹ آئرلینڈ کے ڈائریکٹر گراہم ویسٹ کے مطابق، افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کی کھیلوں میں شرکت پر پابندی کے باعث آئرش کھلاڑیوں میں شدید تحفظات پائے جاتے ہیں، اسی لیے کسی بھی کھلاڑی کو اس سیریز میں کھیلنے کیلئے مجبور نہیں کیا جائے گا۔ آئرش کرکٹ بورڈ کی نو منتخب پہلی خاتون چیف ایگزیکٹو سارہ کین نے بورڈ میٹنگ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ افغانستان کی میزبانی کرنا ہمارے لیے آزمائش سے کم نہیں تھا۔ افغان خواتین کھلاڑیوں کی حالتِ زار سے نظریں نہیں چرا سکتے۔