کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کے کرکٹرز دنیا بھر میں اپنے جارحانہ انداز کیلئے جانے جاتے ہیں، پاکستان سپر لیگ میں آسٹریلیا کے 14 مشہور کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے جس میں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ نمایاں ہیں۔ آسٹریلیا کے سب سے زیادہ پانچ کھلاڑی ملتان سلطانز کا حصہ ہیں جن میں کپتان ایشٹن ٹرنر، اسٹیو اسمتھ، پیٹر سڈل، جوش فلپ اور لالچند شا شامل ہیں۔ حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین آل راؤنڈر گلین میکسویل اور رائیلی میریڈتھ کا تعلق بھی آسٹریلیا سے ہے۔ اوپنرڈیوڈ وارنر اور لیگ اسپنر ایڈم زیمپا کراچی کنگز جبکہ بین مکڈرموٹ اور سیم ہارپر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔ میکس برائنٹ اسلام آباد یونائیٹڈ اور آرون ہارڈی پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔