اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا بیان سوشل میڈیا پر شیئر کردیاجبکہ وائٹ ہاؤس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان بھی فون پر گفتگو ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق صدرٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرشہباز شریف کا بیان شیئر کیا جس میں انہوں نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کی۔یاد رہے کہ شہباز شریف نے اپنے بیان میں صدر ٹرمپ‘ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی اور امریکی مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف کو ٹیگ کیا تھا۔ گزشتہ روز مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوا کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، وٹکوف اور جیرڈ کشنر ممکنہ طور پر اگلے ہفتے اسلام آباد میں ایران کے ہونے والے مذاکرات کی نمائندگی کریں گے ۔ دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ صدر ٹرمپ اور پاکستانی فیلڈ مارشل کے مابین ٹیلی فونک ہوئی اور یہ حساس سفارتی بات چیت ہے ۔ کیرولین لیوٹ نے بتایا کہ امریکا اس معاملے پر میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا۔