اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، پیشگی منصوبہ بندی، متنوع خریداری حکمت عملی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی بدولت پاکستان عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود مقامی سطح پر توانائی کی مستحکم فراہمی برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عالمی پیش رفت، ذخائر کی سطح اور سپلائی چین کی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ بروقت اور مربوط پالیسی اقدامات کیے جا سکیں۔کمیٹی کو اجلاس میں بتایا گیا کہ مارچ کے ساتھ ساتھ اپریل کیلئے بھی پیٹرول کی زیادہ تر کھیپ محفوظ کر لی گئی ہیں جبکہ مزید کھیپوں کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے تاکہ ذخائر کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔