• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری، 6 شہری لقمہ اجل بن گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے 6 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق شہر کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری ہے۔ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود چمڑا چورنگی سے گودام چورنگی جاتے ہوئے واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ بچہ زخمی ہو گیا۔جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 26 سالہ بلال ولد اقبال اور زخمی کی 14 سالہ ساجد ولد عابد کے ناموں سے ہوئی۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ساجد کی دونوں ٹانگیں ضائع ہو گئی ہیں ۔واقعہ کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ ٹینکر کو پولیس نے تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ متوفی بلال موٹر سائیکل چلا رہا تھا جبکہ زخمی ہونے والا ساجد پیچھے بیٹھا ہوا تھا۔ منگھوپیر تھانے کی حدود نادرن بائی باس ہمدرد یونیورسٹی کے قریب ٹرک نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار دو افراد جاں بحق ہو گئے۔متوفین کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت 25 سالہ عمران اور 26 سالہ سعد کے ناموں سے کی گئی ۔ایس ایچ او انیس الرحمن کے مطابق واقعہ کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے،ٹرک پر کنٹینر رکھے جاتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ متوفین کہاں کے رہائشی تھے اس بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود نیشنل ہائی وے پر واقع ایبٹ کمپنی کے قریب تیز رفتار کوسٹر کی ٹکرسے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان ہلاک ہو گئے جنھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفین کی شناخت 25 سالہ لال چند ولد ارمکا اور 27 سالہ گوپی ولد سیتل کے ناموں سے کی گئی۔ ہلاک نوجوان آپس میں دوست اور نجی فیکٹری میں صفائی ستھرائی کا کام کرتے تھے۔متوفین قائد آباد کے رہائشی تھے جبکہ ان کا آبائی تعلق ٹنڈو آلہ یارسے تھا۔ہلاک لال چند غیر شادی شدہ جبکہ گوپی دو بچوں کا باپ تھا ۔حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان لال چند نے والد کا کہنا تھا کہ ہم لوگ بہت غریب ہیں ،حکومت ہماری مدد کرے،حادثے میں ہلاک گوپی کے بیوی کا کہنا تھا کہ ان کی دو بیٹیاں ہیں ۔گوپی اوردو بیٹیوں کے علاوہ ان کا دنیا کوئی نہیں ہے ۔

اہم خبریں سے مزید