کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کا نیو سیکریٹریٹ اور تغلق ہاؤس کا اچانک دورہ، عید کی چھٹیوں پر جانے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد ڈیوٹی سے غیر حاضر ،وزیر اعلیٰ کی غیر حاضر سیکریٹریز سے وضاحت طلب،تفصیلات کے مطابق منگل 24 مارچ کی صبح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ سیکریٹریٹ اور تغلق ہاؤس (اولڈ سیکریٹریٹ) پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری تزئین و آرائش کے کاموں اور ملازمین کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سب سے پہلے نیو سیکریٹریٹ پہنچے، جہاں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گراؤنڈ فلور پر زیرِ تعمیر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ اسے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر نظام سے آراستہ کیا جائے تاکہ انتظامی امور مزید بہتر بنائے جا سکیں۔بعد ازاں، انہوں نے تغلق ہاؤس کا دورہ کیا اور محکمہ اسکول ایجوکیشن، محکمہ داخلہ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ ، مائنز اینڈ منرلز ڈپارٹمنٹ ، چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم اور پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (پی اینڈ ڈی) کے دفاتر کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران کی حاضری کو بھی چیک کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پی اینڈ ڈی ڈپارٹمنٹ کے نو تعمیر شدہ کمیٹی روم کا بھی جائزہ لیا اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔