واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے مذاکرات کے اچانک فیصلے سے چند منٹ پہلے عالمی مالیاتی منڈیوں میں ہونے والی مشتبہ بڑی سرمایہ کاری نے ماہرین کو حیران کر دیا ہے، ایک نامعلوم سرمایہ کار نے محض 20 منٹ میں تقریباً 840 کروڑ روپے کا منافع کمایا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نیویارک کے وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 50 منٹ پر ایس اینڈ پی 500 ایـمنی فیوچرز میں غیر معمولی خریداری دیکھی گئی جبکہ تیل کی عالمی منڈی میں بھی اسی وقت بڑے پیمانے پر فروخت شروع ہو گئی۔ اس وقت تک مارکیٹ میں کوئی اہم خبر یا سرکاری اعلان سے متعلق کوئی معلومات نہیں پہنچی تھی۔رپورٹس کے مطابق تقریباً 15 منٹ بعد صبح 7 بج کر 5 منٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ بات چیت کی ہے اور ایرانی توانائی تنصیبات پر مجوزہ حملے مؤخر کر دیے گئے ہیں۔امریکی صدر کے اس اعلان کے فوراً بعد مارکیٹ میں شدید ردعمل دیکھا گیا، ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 2.5 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، برینٹ خام تیل کی قیمت 109 ڈالر سے گر کر 92 ڈالر تک آ گئی اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ تیل تقریباً 6 فیصد سستا ہوا۔ٹریڈنگ پلیٹ فارم ان یوزول ویلز کے مطابق نامعلوم سرمایہ کار نے دو بڑی شرطیں لگائیں، تقریباً 1.5 ارب ڈالر کے ایس اینڈ پی 500 فیوچرز خریدے، اس امید پر کہ کشیدگی کم ہونے سے اسٹاک مارکیٹ اوپر جائے گی۔