سکھر(نیوز ایجنسیاں) سینئر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے سوچ رہی ہے، موجودہ حالات عام حالات نہیں ہیں ا گر جنگ لمبی چلی تو مشکل میں سب آئینگے، ایم کیو ایم والوں کی باتوں کو نہ کبھی سنجیدہ لیا ہے نہ ان کی باتوں کا جواب دینا ضروری سمجھتے ہیں وہ کبھی کچھ باتیں کرتے ہیں کبھی کچھ ۔اس وقت کراچی میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام چل رہے ہیں اور پیپلزپارٹی اپنا کام کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے اہم کیو ایم کا گورنر ہو یا مسلم لیگ کا دونوں قابل احترام ہیں اگر مسلم لیگ کی جگہ ہمارا گورنر لگتا تو پھر الزام لگانا ٹھیک ہوتا گورنر کی تبدیلی وفاق کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے تمام علمائے کرام قابل احترام ہیں لیکن فیلڈ مارشل سے علمائے کرام کی ملاقات کے بعد جو باتیں پھیلائی جارہی ہیں ان میں تضاد ہے فیلڈ مارشل نے یہ نہیں کہا کہ علمائے کرام ملک چھوڑ کر ایران چلے جائیں بلکہ یہ بات انہوں نے انتشار پھیلانے والوں سے کی ہے کچھ لوگ اس طرح کی باتیں کررہے ہیں جو نہیں کرنی چاہئے۔