ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب نے بہاریہ سورج مکھی کی دیکھ بھال بارے سفارشات جاری کر دیں، ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق بہاریہ سورج مکھی کے اُگاؤ کے بعد جب چار پتے نکل آئیں تو کمزور اور فالتو پودوں کو اس طرح نکالیں کہ اُن کا باہمی فاصلہ 9 انچ رہ جائے، ڈرل کے بعد کاشتہ فصل کو پہلا پانی لگانے سے پہلے کم ازکم ایک مرتبہ گوڈی ضرور کریں،اس سے جڑی بوٹیاں تلف ہو جاتی ہیں اور زمین میں ہوا کی آمد و رفت بہتر ہو جاتی ہے، ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ جب پودے تقریباً ایک فٹ اونچے ہو جائیں تو ان کی جڑوں پر مٹی چڑھا دیں،فصل کو پہلا پانی اُگاؤ کے20 دن بعد لگائیں اور کمزور زمین میں پہلے پانی کے ساتھ آدھی بوری، دوسرے پانی کے ساتھ ایک بوری اور پھول کی ڈوڈیاں بنتے وقت آدھی بوری یوریا ڈالیں جبکہ اوسط زرخیز زمین میں پہلے،دوسرے پانی اور ڈوڈیاں بنتے وقت بالترتیب آدھی بوری یوریا ڈالیں۔