ملتان (سٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ عالم اسلام پر بڑا نازک وقت آن پڑا ہے، امریکہ اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہماری بقاکے لیے خطرہ ہے، وہ حضرت علامہ سید احمد سعید کاظمی کے 41ویں سالانہ عرس کی پہلی نشست سےخطاب کر رہے تھے، سجادہ نشین درگاہ اور مرکزی امیر جماعت اہلسنت پاکستان علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے صدارت کی، صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے مزیدکہا ہے کہ اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ عراق، لیبیا، یمن ، شام اور اب ایران سب کو علیحدہ علیحدہ کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے، کاش اس وقت ہم اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کر سکیں اور مسلمان ممالک کوئی مشترکہ حکمت عملی پر متحد ہو سکیں ، تقریب سے مفتی محمد احمد سعیدی، پروفیسر مولانا احمد رضا، مولانا محمد فاروق خان سعیدی، قاری خادم حسین سعیدی، مولانا محمد قاسم سعیدی ، مولانا محمد قاسم فیضی، مولانا خدا بخش رضا سعیدی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، عرس کے آخری روز آج بدھ کو 10 بجے دن اختتامی تقریبات منعقد ہوں گی۔