ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا ہے کہ صارفین ہمارے لئے قابل احترام ہیں ان کی شکایات کا فوری اور بروقت ازالہ کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ ٹرانسفارمرز خراب ہونے پر فوری تبدیلی اور رسپانس نہایت ضروری ہے اس میں کوتاہی اور سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔ کمپنی کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لئے ٹیم کے طورپر کام کریں اور سخت محنت کرکے اپنے ٹارگٹس حاصل کریں۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران فوری طور پر مقررہ ریڈنگ شیڈول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ ماہ کے اختتام تک تمام بلنگ اور متعلقہ پراسیسز بروقت مکمل کئے جا سکیں۔ انہوں نے میپکو ریجن کے تمام آپریشن سرکلوں کے مانیٹرز/چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ڈپٹی کمرشل منیجرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل آفیسرز کوہدایت کی کہ ماہانہ کارکردگی، ریکوری اہداف اور فیلڈ مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنایاجائے۔اجلاس میں چیف (ہیومن ریسورس اینڈ کیریئر پلاننگ)آفیسر میاں محمد سہیل افضل، جنرل منیجر ٹیکنیکل محمد اشفاق اعوان، جنرل منیجر آپریشن محمد اکرم سیال، چیف فنانشل آفیسر میاں انصار محمود،پبلک ریلیشنز جمشید نیازی، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ میجر(ر) فرخ جاوید گھمن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔