• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوکل گاڑی چلانے والے شخص کیلئے سنّتیں چھوڑنے کا حکم

آپ کے مسائل اور ان کا حل

سوال: میں کراچی میں لوکل گاڑی چلاتا ہوں، میرا گھر پنجاب میں ہے اور ہمارا سفر 50، 60 کلومیٹر ہوتا ہے تو ایسی صور ت میں کیا میں نماز پوری پڑھوں یا فرض؟

جواب: آپ چوں کہ شرعی مسافر نہیں، لہٰذا آپ چار رکعات والی فرض نماز مکمل پڑھنے کے ساتھ ساتھ سنّتِ مؤکدہ بھی پڑھیں گے۔ واضح رہے کہ شرعی مسافر کو فجر کی سنتیں تو بہر صورت ادا کرنی چاہییں۔ 

 فجر کے علاوہ دیگر سنتوں کے بارے میں یہ حکم ہے کہ اگر سفر کے دوران فرصت ہو اور گاڑی وغیرہ نکلنے کا اندیشہ نہ ہو تو سنتیں پڑھنا افضل ہے، نیز سنتوں میں قصر نہیں، یعنی چار رکعت سنّت چار ہی پڑھی جائیں گی، دو نہیں۔ 

اگر فرصت نہ ہو اور گاڑی نکلنے کا خدشہ ہو تو فجر کے علاوہ دیگر سنتیں چھوڑ دینے میں کوئی حرج نہیں۔ اگر مسافر کسی شہر یا بستی میں پندرہ دن سے کم مدت کے لیے ٹھہرا ہوا ہو، اس کا سفر جاری نہ ہو تو اسے پوری سنتیں پڑھنا چاہییں۔ (البحر الرائق، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ المسافر 2/ 141 ط:سعيد)

اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

iqra@banuri.edu.pk

اقراء سے مزید