اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)ایل این جی فراہمی پر ’’فورس میجر‘‘ کا نفاذ پر سوال ، یہ اقدام مکمل طور پر قانونی اور معاہدے کے عین مطابق ہے، پی ایس او ۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے ایل این جی کی فراہمی پر ’’فورس میجر‘‘ (ناگزیر حالات/ہنگامی بندش) کے نفاذ نے انرجی سیکٹر میں ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ ایک طرف انڈسٹری ماہرین اسے بلا جواز قرار دے رہے ہیں، تو دوسری طرف پی ایس او کا موقف ہے کہ یہ اقدام مکمل طور پر قانونی اور معاہدے کے عین مطابق ہے۔ ترجمان پی ایس او کا مزید کہنا ہے کہ یہ دعویٰ کہ پی ایس او کو متبادل ذرائع، بشمول اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کا انتظام کرنا چاہیے، ’’فورس میجر‘‘ کی موجودگی میں قابل قبول یا قابل عمل نہیں ہے۔