• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرول پر 95 اور ڈیزل پر 203 روپے اضافے کی تجویز عوام کے مفاد میں مسترد کردی، وزیر اعظم

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں 95روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 203 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز کو مسترد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی کے حساب سے پٹرول 544 ، ڈیزل 790 روپے فی لٹر ہوتا، 125ارب کا تاریخی بوجھ وفاق نے اپنے کاندھوں پر اٹھایا، مشکل وقت کا مقابلہ کرنے کیلئے چند دنوں میں جامع منصوبہ کا اعلان کیا جائیگا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر کے اس ہفتے مزید 56 ارب روپے کا اضافی بوجھ وفاقی حکومت خود برداشت کریگی، کفایت شعاری اب اختیاری نہیں بلکہ ہماری مشترکہ ذمہ داری بن گئی ہے،جنگ کو رکوانے کیلئے پاکستان سفارتی سطح پر ثالثی کی بھرپور اور پرخلوص کوششیں کر رہا ہے، مفاہمتی عمل میں فیلڈمارشل سید عاصم منیر فعال اور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ جمعہ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم سے ایسے وقت پر مخاطب ہیں جب پاکستان دو محاذوں پر انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اہم ترین کردار ادا کر رہا ہے، ایک طرف ہم اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور عوام کو عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں قیامت خیز اضافے سے بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں تو دوسری جانب سفارتی محاذ پر امن کے قیام کیلئے دن رات متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے متعدد مرتبہ ایران اور خلیجی ممالک کے سربراہان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پوری محنت اور خلوص کے ساتھ ان کاوشوں میں مصروف عمل ہیں،چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلئے نہایت فعال اور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک غیر معمولی اور مشکل ترین صورتحال سے نبرد آزما ہے جہاں بڑی بڑی معیشتیں بے بسی کی خاموش تصویر بنی ہوئی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید