کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایران امریکا مذاکرات کی میزبانی سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ بھارت کے ساتھ جنگ کے بعد مسلم دنیا میں پاکستان کا کردار بہت واضح ہوا ہے۔سینئر صحافی کامران یوسف نےکہا کہ پاکستان کی اس وقت مجموعی طور پر بہترین پوزیشن ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔تفصیلات کے مطابق میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام کے آغاز میں کہا کہ جنگ کو ایک ماہ مکمل ہوجائے گا اور صورتحال یہ ہے کہ امریکہ کو نہ جنگی اہداف میں کامیابی ملی ہے نہ جنگ ختم ہونے کے آثار نظر آرہے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ کے بیان نے بھارت کی جھنجلاہٹ واضح کر دی ہے۔