اسلام آباد ( جنگ نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے نادرا کو مشکوک افراد کے شناختی کارڈ 60دن کیلئے بلاک کرنے کے وسیع اختیارات دینے والے بل کی منظوری دے دی،نادرا کو مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں یا دیگر سنگین نوعیت کے معاملات میں شناختی کارڈ 60 دنوں (2 ماہ) کے لیے عارضی طور پر ضبط یا بلاک کرنے کا اختیار مل جائے گا۔بلاک کیا گیا شناختی کارڈ تصدیقی رپورٹ آنے تک نادرا کی تحویل میں رہے گا۔اس اقدام کا مقصد قومی سلامتی کے خطرات کو کم کرنا، اشتہاری اور روپوش ملزمان کے شناختی کارڈز کا غلط استعمال روکنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ قومی سلامتی کا ایک اہم جزو ہے اور اس کا غلط استعمال ملک کی اندرونی سکیورٹی اور معیشت کے لیے خطرناک ثابت ہو رہا ہے، اس لیے نادرا کے قانونی فریم ورک کو موجودہ سکیورٹی ضروریات کے مطابق تبدیل کرنا ضروری تھا۔یہ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سے منظور ہوا ہے اور اب حتمی منظوری کے لیے سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔