اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں پولیس سمیت دیگر اداروں میں بھرتیوں پر پابندی کا حکم امتناع واپس لے لیا ،ڈیڑھ سال سے محکمہ پولیس سمیت دیگر وفاقی اداروں میں بھرتیوں پر پابندی ختم ہو گئی ۔ عدالت نے آئی جی پولیس کو موجودہ پالیسی کے مطابق محکمے میں بھرتیوں کا نیا عمل شروع کرنے کی ہدایت دیدی۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل تین رکنی لارجر بنچ نے پولیس سمیت دیگر وفاقی اداروں میں بھرتیوں پر پابندی کا حکم امتناع ختم کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے یکم اگست 2024 کو حکم امتناع جاری کیا تھا۔ تحریری آرڈر کے مطابق دوران سماعت درخواست گزار بیرسٹر یاور گردیزی نے دلائل کیلئے مہلت طلب کی جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا کہ پولیس میں بھرتیوں کا عمل رکنے سے سیکورٹی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ عدالت نے بھرتیوں پر سے پابندی کا حکم واپس لیتے ہوئے کہا کہ نئی بھرتیاں کی جائیں تاہم وہ کیس کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوں گی۔ کیس کے عدالت میں زیر التوا ہونے اور حکم امتناع کے باعث بھرتی کے خواہش مند زائد العمر ہو جانے والے امیدواروں کو بھی نئی بھرتیوں میں زیر غور لا کر موقع فراہم کیا جائے گا۔