کراچی (آئی این پی ) معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی سے متعلق تنازع پر ردِعمل میں کہا ہے میری بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی شاندار پروفیشنل ہیں، مجھے ان کی دیانت داری پر اعتماد ہے، میرا اس کیس سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے،کچھ میڈیا کوریج سے یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ میرا اس کیس سے کسی نہ کسی طرح سے تعلق ہے یا میں اس میں شامل ہوں، جو کہ درست نہیں ہے۔ میرے خلاف کسی بھی ادارے کی جانب سے کوئی تحقیقات نہیں ہو رہیں، نہ ہی میں کسی حیثیت میں اس کیس کا حصہ ہوں۔ حمزہ علی عباسی اس معاملے پر وضاحتی بیان سوشل میڈیا پر شیئر کیا،اپنے بیان میں انہوں نے مزیدکہا کہ انکی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی ایک نہایت کامیاب اور پروفیشنل ہیں جن کا کیریئر شاندار رہا ہے، اور وہ اس مشکل وقت میں انکے ساتھ کھڑا ہوں،مجھے انکی دیانت داری پرمکمل اعتماد ہے،میرا ماننا ہیکہ انکا موقف بھی سنا جانا چاہیے۔ کراچی سے اسد ابن حسن کے مطابق مین اسٹریم میڈیا سے مبینہ ڈھائی ارب روپے کی منی لانڈرنگ اور اسکن کلینک میں مبینہ غیر قانونی اور جعلی ادویات سے علاج کرنے والی ڈاکٹر فضیلہ علی عباسی کے خلاف درج دو مقدمات صیغہ راز میں رکھے گئے۔ اس ہائی پروفائل کیس کی انکوائری تحقیقات، مقدمات کا اندراج اور اس کے بعد کی تحقیقات کے حوالے سے چشم کشاحقائق سامنے آئے ہیں۔ ملزمہ فضیلہ عباسی پر ایک طرف ڈھائی ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام تحریر کیا گیا ہے جبکہ ایک بہت اعلیٰ افسر نے انکشاف کیا کہ مشکوک ٹرانزیکشن کا حجم 40کروڑ رہا۔ موجود دستاویزات کے مطابق گزشتہ برس اسلام آباد کے کارپوریٹ کرائم سرکل میں انکوائری نمبر 178/25بنام DFA by Fazila Abbasi شروع کی گئی مگر حیرت انگیز طور پر مقدمہ 111/25 اینٹی کرپشن سرکل میں انسپکٹر شمس گوندل نے درج کیا۔اس کے بعد 8؍جنوری کو ایک دوسرا مقدمہ نمبر 1/26کمرشل بینک سرکل میں انسپکٹر زارا لودھی نے درج کیا مگر غیر تسلی بخش تحقیقات پر اس کا تبادلہ کر دیا گیا۔