• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدا حکمرانوں کو صحیح راستہ دکھائے، پوپ کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد دعا

کراچی (نیوز ڈیسک)کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ خد ا حکمرانوں کو صحیح راستہ دکھائے، پومپئی کے دورے کے دوران پوپ نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ خدا حکمرانوں کو صحیح راستہ دکھائے دلوں کو نرم کرے، غصے اور نفرتوں کو ختم کرے۔اپنی قیادت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر انہوں نے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور نفرت کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ یہ بیان انہوں نے ویٹی کن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد دیا۔پومپئی کے مرکزی چوک میں ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی امن ’’بین الاقوامی کشیدگی اور ایسی معیشت‘‘ کے باعث خطرے میں ہے ’’جو انسانی جان کے احترام پر اسلحے کی تجارت کو ترجیح دیتی ہے۔پوپ لیو، جو ایران جنگ پر تنقید کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناراضی کا سامنا کر چکے ہیں، نے جمعے کو عبادت گزاروں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عالمی حکومتیں تشدد اور جنگ کے راستے سے ہٹ جائیں۔واضح رہے کہ امریکی نژاد پہلے پوپ لیو نے جمعرات کو مارکو روبیو سے ایسے وقت میں ملاقات کی جب واشنگٹن اور ویٹی کن کے تعلقات میں کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ متعدد بار سوشل میڈیا پر پوپ کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ویٹی کن کے مطابق ملاقات کے بعد دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے پر اتفاق کیا، جسے سفارتی حلقے غیرمعمولی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ پوپ لیو اور روبیو کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اہم خبریں سے مزید