کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرکےمختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ 11 زخمیوں سمیت 12 ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر اشیا برآمد کرلی گئی ، تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سندھی ہوٹل آخری اسٹاپ کے قریب پولیس نے مبینہ طور پر پیٹرولنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، شناخت ولی اللہ اور طحہٰ کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی نیو ٹاؤن کی حدودسے چوری شدہ ہے، ضلع غربی کے علاقے سرجانی ٹاؤن زیرو پوائنٹ پر شاہین فورس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے،پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت عابد علی کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے، ضلع جنوبی کے علاقے بوٹ بیسن میں اتوار بازار کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔ پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزمان میں نائک محمد، قاسم، زوار حسین اور سعید احمد شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں، ضلع غربی کے تھانہ مومن آباد کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 میں پولیس نے مبینہ طور پر چھ رکنی ڈکیت گینگ سے مقابلہ کیا، جس میں چار زخمی ملزمان سمیت 5 کو گرفتار کرلیاجبکہ ایک فرار ہو گیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سلمان، عباس، عمر صدیق اور رحمت شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد جبکہ زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔