بیجنگ (اے پی پی، اے ایف پی)چین اور پاکستان نے امریکا اور ایران سے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے فوری خاتمے اور جلد از جلد امن مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے، دونوں ممالک نے ایران کی صورتحال پراسٹریٹجک رابطے اور ہم آہنگی مضبوط بنانے اورامن کی وکالت کےلئے نئی کوششیں کرنےپر اتفاق کیا ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی ہم منصب سے مذاکرات کئے، دونوں ممالک نے مشرق وسطی میں امن کیلئے 5 نکات پیش کردیئے ، دونوں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں فریقین سے کشیدگی کے خاتمہ، انسانی بنیاد پر امداد کی رسائی یقینی بنانے، آبنائے ہرمز سمیت آبی گزرگاہوں کی حفاظت، شہریوں، واٹر پلانٹس، توانائی مراکز اور جوہری تنصیبات پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے ، اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فریقین مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا دھمکی سے گریز کریں، ہرمز میں پھنسے جہازوں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے، ملاقات کے چینی احوال کے مطابق، وانگ ای نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے اسےتمام فریقوں کے مشترکہ مفادات کے مطابق قرار دیا۔وانگ ای نے کہاچین صورتحال کو بہتر بنانے اور امن مذاکرات کی بحالی میں پاکستان کے منفرد اور اہم کردار ادا کرنے کی حمایت کرتا ہے اور اس کا منتظر ہے۔پاکستان اور چین نے تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد قابل عمل راستہ قرار دیتے ہوئے خلیج اور مشرق وسطی میں فوری جنگ بندی، ایران اور خلیجی ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی آزادی اور سلامتی کا تحفظ کرنے اور مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کرنے پر زور دیا ہے اور خلیج اور مشرق وسطی میں امن و استحکام کی بحالی کے لئےپانچ نکاتی منصوبہ پیش کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو یہاں بیجنگ میں ملاقات کی جس میں خلیج اور مشرق وسطی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بیان کے مطابق فریقین نے فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان فوری جنگ بندی اور تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بھرپور کوششوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ۔جلد از جلد امن مذاکرات پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک نے ایران اور خلیجی ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی آزادی اور سلامتی کا تحفظ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔ چین اور پاکستان نے متعلقہ فریقوں کی مذاکرات کے آغاز میں حمایت کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام فریقوں پرامن حل کے لئے پرعزم رہیں اور مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کریں۔