کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ایف آئی اے، انٹی کرپشن سرکل نے دو سال کے دوران بجلی چوری اور کرپشن میں ملوث کیسکو کے 23 افسران کے خلاف 6مقدمات درج کئے ذرائع کے مطابق رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے، انٹی کرپشن سرکل کوئٹہ نے مارچ 2024 سے مارچ 2026 کے دوران بجلی چوری اور مالی بے کرپشن کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے بجلی چوری اور مالی بے ضابطگیوں کو روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر کارروائیاں کیں۔اس دوران مجموعی طور پر 17,560 پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 1,193 بجلی چوری کے واقعات کا پتہ چلا۔ اس کے بعد ملوث افراد کے خلاف 853 انکوائریاں شروع کی گئیں اور 324 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ تحقیقات کے نتیجے میں 172.98 ملین روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا، اور قانونی کارروائی کرتے ہوئے 825.56 ملین روپے کی وصولی کو یقینی بنایا گیا۔کارروائیوں کے دوران بجلی چوری میں استعمال ہونے والی غیر قانونی آلات اور سامان ضبط کیے گئے۔ ان میں 620 ٹیمپرڈ شدہ سست الیکٹرسٹی میٹر، 15 غیر قانونی ٹرانسفارمرز، اور غیر مجاز بجلی استعمال کے لیے تقریباً 1,300 میٹر کی ڈائریکٹ وائر (کْندا سسٹم) شامل ہیں۔ تحقیقات سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کیسکو کے افسران کی ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔ اوور بلنگ کیس میں کیسکو کے 14 افسران ملوث پائے گئے، جس کے نتیجے میں 820,606 اضافی یونٹس کی اووربلنگ کی گئی۔ قانونی کارروائی کیلئے 7 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ بجلی چوری اور کرپشن سے متعلق مختلف کیسز میں کیسکو کے 23 افسران ملوث پائے گئے، جس کے نتیجے میں 6 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل، بجلی چوری اور مالی بے ضابطگیوں کے خلاف اپنی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور عوامی وسائل کے تحفظ اور توانائی کے شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھے گی۔