کوئٹہ(پ ر) بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کرن بلوچ اور سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سائرہ عطا سے یو این ویمن پاکستان کی ڈپٹی کنٹری نمائندہ فہمیدہ نے ملاقات کی،اس موقع پر بلوچستان میں خواتین کے بااختیار بنانے، قیادت کے فروغ اور خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مؤثر حکمت عملی اور مضبوط ادارہ جاتی نظام کے ذریعے خواتین کے تحفظ اور ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔کرن بلوچ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور بلوچستان میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مربوط اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو این ویمن کے ساتھ شراکت داری سے صوبے میں خواتین کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ میں مزید بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت، اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان مؤثر تعاون کے ذریعے ہی خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے اور انہیں بااختیار بنانے کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔