کراچی( ثاقب صغیر )سوشل میڈیا پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ کے ذریعے ایک نوجوان کو پیرس میں بینک آف امریکہ پر مبینہ حملے کی کوشش کے لیے بھرتی کیا گیا۔فرانسیسی استغاثہ کے مطابق گزشتہ دنوں بینک آف امریکہ کے پیرس ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنانے کی ایک مبینہ بم سازش کے سلسلے میں دو مزید مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب ایک روز قبل پولیس نے ایک شخص کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ امریکی بینک کی عمارت کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکہ کرنے والا تھا۔فرانسیسی پولیس نے بتایا کہ انہوں نے دو مزید افراد کو بھی گرفتار کیا ہے جو پیرس میں بینک آف امریکہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کی کوشش میں ملوث تھے۔ استغاثہ کے مطابق ایک روز قبل گرفتار کیے گئے ایک کم عمر ملزم کی حراست میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فرانسیسی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس ممکنہ حملے کو ناکام بنایا اور ایک شخص کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ دیسی ساختہ بم کو آگ لگانے ہی والا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نے تقریباً پانچ لیٹر آتش گیر مائع اور ایک اگنیشن سسٹم پر مشتمل ایک آلہ نصب کیا تھا۔فرانس کے انسداد دہشت گردی کے استغاثہ نے اس کیس کی تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لیں۔