• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹر سرمد علی اے پی این ایس کے صدر اور اطہر قاضی سیکرٹری جنرل منتخب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جنرل کونسل کے سالانہ اجلاس نے رواں سال کیلئے متفقہ طور پر سینیٹر سرمد علی کو صدر، ناز آفرین سہگل لاکھانی سینئر نائب صدر، شہاب زبیری نائب صدر، محمد اطہر قاضی سیکرٹری جنرل،محسن بلال جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا۔ سالانہ اجلاس عام صدر سینیٹر سرمد علی کی زیر صدارت اے پی این ایس ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا جس میں سال 2025-26؁ء کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رپورٹ اور سال2025 ؁ء کے سالانہ حسابات کی رپورٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔ جنرل کونسل نے ایک قرار داد کے ذریعے خطے کی موجودہ صورتحال اور معاشی بحران کے دور میں پرنٹ میڈیا کے ابتر حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس میں سے اکثر تباہی کے دہانے پر ہیں اس صورتحال میں کونسل نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری نرخوں میں اضافہ کے منظور کئے گئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔جنرل کونسل نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے درخواست کی کہ اخباری صنعت کے طویل ذیرِ التواء بقایاجات کی جلد ادائیگی کی جائے۔ اشتہارات کے حجم میں اضافہ اور اشتہارات کے اجراء میں پرنٹ میڈیا کاالگ حصہ مختص کیا جائے تاکہ موجودہ صورتحال میں اخباری صنعت زندہ رہ سکے۔اے پی این ایس کی جنرل کونسل نے اپنے اجلاس میں ایک قرارداد میں گزشتہ 17 ماہ سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ڈان میڈیا گروپ کو سرکاری اشتہارات پر مکمل پابندی پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔جنرل کونسل کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اشتہارات کی بندش کے باعث ڈان میڈیا کو بقا کے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔اے پی این ایس نے اس رائے کا اظہار کیا کہ ڈان میڈیا کو سرکاری اشتہارات سے محروم کرنا ناانصافی اور ناجائز ہے۔
اہم خبریں سے مزید