• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، ’’سلطان‘‘ فرحان کی دھواں دھار سنچری، ملتان سرخرو، کنگز مین پھر ناکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سلطانز کے صاحبزادہ فرحان نے چھکوں چوکوں سے میچ وننگ سنچری بناکر پاکستان سپر لیگ الیون میں ملتان سلطانز کو مسلسل دوسری کامیابی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ہیرو نے 55 گیندوں پر سنچری مکمل کی ۔ حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم کو لگاتار تیسری شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ حیدرآباد کے بولر بڑے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ صاحبزادہ فرحان نے106ناقابل شکست57گیندوں پربنائے۔ ان کی اننگز میں8چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ شان مسعود نے16 گیندوں پر29رنز دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ عرفات منہاس نے11گیندوں پر26 رنز ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ اوپنرز اسٹیو اسمتھ اور صاحبزادہ فرحان نے چھ اوورز میں 84 رنز بناکر ملتان کو دھواں دار آغاز فراہم کیا۔ یہ اس سال پاور پلے میں بننے والے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ ایک سورنز 7.1اوورز میں مکمل ہوئے ۔ اسٹیو اسمتھ باؤنڈری پر حسان خان کی گیند پر عرفان نیازی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ انہوں نے46 رنز20 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ قبل ازیں قذافی اسٹیڈیم میں حیدرآباد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 225 رنز بنائے۔ جارح مزاج اوپننگ بیٹر معاذ صداقت نے 26 گیندوں پر 62 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اننگزمیں 5 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، پی ایس ایل میں واپسی کرنے والے ہارڈ ہٹر شرجیل خان نے 26 گیندوں پر 51 نا قابل شکست رنز بنائے۔ انہوں نے چار چھکے اور تین چوکے مارے۔ عرفان نیازی نے 22 رنز 13گیندوں پر ایک چھکا اور دو چوکےلگاکر اسکور کیے ۔ معاذ صداقت اور صائم ایوب نے پہلی وکٹ پر59رنز کا اضافہ کیا۔ صائم ایوب نے 27، عثمان خان نے 25، سعد علی نے 23 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے محمد وسیم37رنز کے عوض 2 جبکہ ایشٹن ٹرنر، پیٹر سیڈل اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لی۔ شہزاد گل نے چار اوورز میں60 رنز دیے ۔

اسپورٹس سے مزید