کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کنکررز نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز کا ڈومیسٹک ریکارڈ بنادیا۔ منگل کو لاہور میں کنکررز نے 241 رنز بنائے۔ فاطمہ ثنا 91 ناٹ آؤٹ، عائشہ ظفر 57رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہیں۔ اس سے قبل2024میں لاہور ویمنز نے پشاور ویمنز کے خلاف233رنز بنائے تھے۔ کنکررز کے جواب میں چیلنجرز 225 رنز بنا سکی۔ ایمان فاطمہ نے شاندار 112 رنز ا سکور کیے۔ فاطمہ ثنا نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ باغ جناح گرائونڈ میں اسٹارز نے اسٹرائیکرز کو 54 رنز سے شکست دے دی۔ ا سٹارز نے 158 رنز بنائے، سدرہ امین 62 ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہیں ۔ناکام ٹیم 104 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ لائبہ منصور نے 3 جبکہ علیسا مختیار اور نیہا شمیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔