اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے باعث ملک پر معاشی اور مالیاتی اثرات سے نمٹنے کیلئے درمیانی اور طویل مدتی جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے استحکام و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات پر عزم انداز میں جاری رکھے گی۔ جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور غریب طبقات کیلئے ایک مشترکہ سبسڈی فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی۔جس میں بتایا گیا کہ ملک میں مارچ میں مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ملک پر مالیاتی اور معاشی اثرات سے بچاؤ کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کو حالیہ صورتحال کے تناظر میں اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کا توازن برقرار رکھنے میں مشکل درپیش ہے۔ الحمدللہ پاکستان اس مشکل صورتحال کو بڑی کامیابی اور مؤثر طریقے سے حل کر رہا ہے۔ عالمی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں پیداواری لاگت بڑھنے سے برآمدات اور ملکی مجموعی پیداوار پر اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات تجویز کئے جائیں۔