کراچی (ٹی وی رپورٹ)ماہرمعیاشیات و تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ رائیڈرز کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان ہونا چاہئے، وزرا کے ساتھ بھی کئی کئی گاڑیاں چل رہی ہیں عوام اور حکومتی سطح پر سادگی نظر نہیں آرہی۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فرخ سلیم، اشرف ملخم اور شہباز رانا نے جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ چار ہفتے قبل شروع ہونے والی جنگ نے پوری دنیا کی معیشت کو جھٹکا دیا ہے پوری دنیا میں انرجی کا بحران پیدا ہوگیا ہے اگر ایران کے خلاف جنگ فوری طور پر بند نہیں ہوتی تو پاکستان سمیت دنیا کو لاک ڈاؤن کی طرف جانا ہوگا۔ ماہر معاشیات ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ پاکستان اس وقت جس سفارتی بلندی پر موجود ہے کبھی اتنی بلندی پر نہیں تھا اور سفارتکاری کی بلندی اور معیشت کا ایک ملاپ نظر آرہا ہے میں سمجھتا ہوں آئی ایم ایف نے سفارتکاری کا ایک تحفہ دیا ہے۔ جو عالمی منڈیوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہیں پاکستان میں اس کے مطابق قیمتیں ہونی چاہئیں جہاں تک دستیابی کی بات ہے تو میں نہیں سمجھتا کہ اس میں کوئی خلل پڑے گا۔