اسلام آباد( تنویر ہاشمی ،کامرس رپورٹر ) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تاریخی اقدام کرتے ہوئے نوعمر افراد کے انفرادی بینک اکاؤنٹس کھولنے کے لیے نیا فریم ورک متعارف کرادیا ، جس کی مدد سے وہ انفرادی بینک اکاؤنٹ اور ڈیجیٹل والیٹ کی ملکیت کے حامل اور استعمال کے مجاز ہوں گے۔اس فریم ورک کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ محفوظ طریقے سے بچت رکھ سکیں، اعتماد کے ساتھ لین دین کرسکیں اور ذمہ دارانہ مالی عادات اپناسکیں،سٹیٹ بینک نوعمروں کو ابتدائی عمر میں رسمی مالی نظام میں بآسانی داخلے کی سہولت فراہم کرکے ان کی معیشت میں بامعنی شرکت یقینی بنانے کا خواہاں ہے،اس اقدام سے پاکستان کے مالی منظرنامے میں ایک اہم خلا پُر ہوگیا ، اگرچہ اکاؤنٹس کی مجموعی ملکیت بالغ آبادی کے 67 فیصد تک پہنچ چکی ہے تاہم نوعمر افراد زیادہ تر مشترکہ یا والدین کی سرپرستی والے اکاؤنٹس تک محدود رہے ہیں، جس نے ان کی مالی سرگرمیوں اور سیکھنے کی صلاحیت کو عملی طور پر محدود کردیا۔