کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے کرپشن اور جعلی دستاویزات کے ذریعے یورپ جانے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے 17 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ ( ای ٹی پی بی ) کے ملازم کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت محمد اکرم کے نام سے ہوئی ۔ملزم محکمہ ای ٹی پی بی میں بطور ڈپٹی سیکرٹری تعینات تھا۔ملزم نے شہری سے ETPB کے 200 پلاٹس کی لیز کے بدلے 17 کروڑ روپے بطور رشوت وصول کیے۔ملزم نے رشوت کی مد میں لاہور کینٹ میں 751 اسکوائر یارڈ کا پلاٹ بھی حاصل کیا۔کرپشن چھپانے کے لیے ملزم نے جعلی سیل ڈیڈ کا سہارا لیا۔ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایف آئی اے نے سیالکوٹ ائیر پورٹ پر لیپ ٹاپ کے اسکرین میں چھپایا گیا جعلی ریزڈنٹ کارڈ برآمد کر لیا۔حکام کے مطابق جعلی دستاویزات کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے لیپ ٹاپ میں چھپایا گیا جعلی ریزیڈنٹ کارڈ برآمد کر لیا گیا ۔عمرہ کی آڑ میں سعودی عرب کے راستے یورپ جانے کی کوشش کرنے والا مسافر ایف آئی اے امیگریشن نے آف لوڈ کر دیا۔مسافر محمد ابو بکر پرواز PF-720 کے ذریعے عمرہ کے لیے سعودی عرب جا رہا تھا۔ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر عمرہ سے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکا جس پر مزید تفتیش کی گئی۔مسافر کے موبائل فون کی تلاشی کے دوران یورپ جانے کے لیے جعلی دستاویزات کے استعمال کا منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔تلاشی کے دوران مسافر کے ہینڈ کیری بیگ سے ایک سیاہ رنگ کا لیپ ٹاپ برآمد ہوا جس پر شک پیدا ہوا۔لیپ ٹاپ کی تفصیلی جانچ کے دوران اس کی ایل ای ڈی کے پیچھے چھپائے گئے اسپین کے دو جعلی کارڈ برآمد کر لیے گئے۔برآمد ہونے والے کارڈز میں اسپین کا جعلی ریزیڈنس کارڈ اور ہیلتھ کارڈ شامل ہیں۔تفتیش کے دوران مسافر نے اعتراف کیا کہ اس نے وزیرآباد کے ایجنٹ سے اسپین پہنچانے کا معاہدہ کیا تھا۔انسانی اسمگلنگ کے اس معاہدے کے تحت مسافر نے ایجنٹ کو 92 لاکھ روپے ادا کرنے تھے۔منصوبے کے مطابق مسافر نے جدہ پہنچ کر پاکستانی دستاویزات ضائع کر کے ترکی کے راستے اسپین پہنچنا تھا۔ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی اس منظم کوشش کو ناکام بنا دیا۔مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے نے اس غیر قانونی منصوبے میں ملوث تمام افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔