کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حکومت سندھ نے لیڈ حاصل کرلی، اس کے منصوبے دنیا کے متعدد ممالک پر اثر انداز ہوئے ہیں، پنک بس سروس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر خواتین ہیں، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، پاکستان میں پہلی بار ای وی بسز شروع کی گئیں اور پنک ای وی اسکوٹیز بھی پہلی بار متعارف کروائی گئیں، ان منصوبوں کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں آگے لانا ہے۔وہ صوبے میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے منعقدہ ’’مفاہمتی یادداشت پر دستخط (ایم او یو)‘‘ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے، جو بدھ کو سندھ گورنمنٹ آفیسرز کلب میں ہوئی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی( ایس ایم ٹی اے) کنول نظام بھٹو، سندھ بینک کے صدر انوار شیخ، ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) اسد شاہ، نجی شعبے کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں سینئر وزیر نے کہا کہ آج خواتین فائر فائٹنگ طیاروں کی پائلٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں،جب پنک اسکوٹیز اسکیم شروع کی گئی تو صرف 160 خواتین کے پاس لائسنس تھا، مگر اب 20 ہزار خواتین لائسنس کے لئے درخواست دے چکی ہیں۔