• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین دوستی آئرن برادز کی دوستی جانی جاتی ہے، ڈپٹی کمشنر پشاور

پشاور(جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی محض دو ممالک کے درمیان تعلق نہیں بلکہ اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ایک مثالی رشتہ ہے جسے دنیا بھر میں “آئرن برادرز” کی دوستی کے طور پر جانا جاتا ہے۔وہ پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ پشاور کے زیر اہتمام چائنہ ونڈو !کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر چائنہ ونڈو امجد عزیز ملک سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ پچھتّر برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور سفارتی، معاشی، دفاعی اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں مثالی تعاون جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس نے پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں نئی راہیں کھولی ہیں۔کپتان (ر) ثناء اللہ خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور تاریخی طور پر تجارتی اور ثقافتی روابط کا مرکز رہا ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون مزید فروغ پائے گا جس میں پشاور اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بھی گہری جڑیں رکھتی ہے اور یہی اس رشتے کی اصل طاقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب کا انعقاد صرف ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ اس عزم کا اظہار ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے چینی قیادت، عوام اور پاکستان میں تعینات چینی سفارتکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو سراہا اور چائنہ ونڈو کو پاک چین دوستی میں اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک کاٹا گیا قبل ازیں چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے بتایا کہ پاک چین دوستی کی سالگرہ دونوں حکومتوں کی سطح پر منائی جا رہی ہے ۔پشاور سمیت صوبے میں سال بھر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاہم اہل چین کو پشاور اور خیبرپختونخوا سے دوستی کا بھرپور پیغام بھیجا جائے۔
پشاور سے مزید